دنیا
Time 24 ستمبر ، 2020

علی بابا کے جیک ما سے چین کے امیر ترین شخص کا اعزاز کس نے چھینا؟

جیک ما سے یہ اعزاز منرل واٹر بنانے والی کمپنی کے بانی ژانگ شان شان نے چھینا ہے— فوٹو: فائل

آن لائن تجارتی کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما سے چین کے امیر ترین شخص کا اعزاز چھن گیا۔

جیک ما سے یہ اعزاز منرل واٹر بنانے والی کمپنی کے بانی ژانگ شان شان نے چھینا ہے۔

ژونگ نے 1996 میں چین کے مشرقی صوبے ژی جیانگ میں ’نانگ فو اسپرنگ‘ نامی کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔

دنیا کے امیر ترین افراد کی تفصیلات جاری کرنے والے ادارے بلوم برگ بلینیئر انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق ژانگ شان شان 58.7 ارب ڈالر کے ساتھ چین کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

ژونگ کے اثاثوں میں اچانک اضافے کی اہم وجہ ان کی ایک کمپنی ’بیجنگ وانٹائی بائیولوجیکل فارمیسی انٹرپرائز‘ کی جانب سے کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری میں دو جامعات کے ساتھ اشتراک بھی ہے۔

رواں برس اگست تک اس کمپنی کے اثاثوں کی مالیت 20 ارب ڈالر تک پہنچ چکی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق ژونگ اب ایشیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں جبکہ پہلے نمبر پر بھارتی صنعتکار مکیش امبانی موجود ہیں۔

دنیا کے 500 امیر ترین افراد کی فہرست میں اب ژونگ کا نمبر 17 واں ہوگیا ہے۔ 

خیال رہے کہ عام طور پر چین کے زیادہ تر ارب پتی افراد کا تعلق ٹیکنالوجی کے شعبے سے ہے تاہم حالیہ دنوں میں ہواوے، ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے معاملے پر امریکا اور چین کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کی وجہ سے ٹیکنالوجی کمپنی کی قدر میں کمی واقع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :