24 ستمبر ، 2020
گلگت بلتستان الیکشن 2020کا شیڈول جاری کردیاگیا، تمام 24 حلقوں پر عام انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے۔
چیئرمین الیکشن کمیشن راجا شہباز کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کےانتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی25 ستمبرسے30 ستمبرتک جمع کرائےجاسکیں گے۔
7اکتوبر تک کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کی جائےگی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست19 اکتوبرکوشائع اور20 اکتوبرکو الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کوانتخابی نشانات الاٹ کیےجائیں گے۔
گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کےالیکشن 15 نومبر کو منعقد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے24حلقوں میں انتخابات ہوں گے، ہرحلقےسےایک رکن کا انتخاب کیاجائےگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیاسی قیادت سے جی بی الیکشن میں اصلاحات کیلئے تجاویز طلب کی گئی ہیں، سیاسی قیادت کی تجاویز سے گلگت بلتستان میں شفاف الیکشن یقینی بنائے جاسکیں گے، نوٹیفیکشن وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپورکے دستخط سےجاری ہوا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے حکومتی اوراپوزیشن رہنماوں کو الیکشن کے حوالے سے خط بھی لکھا ہے۔ خط کی کاپی شہباز شریف، بلاول بھٹوزرداری، خالد مگسی، اخترمینگل، مولانا اسعد محمود، شیخ رشید، خواجہ آصف، شاہ محمودقریشی، طارق بشیرچیمہ، غوث بخش مہر و دیگر کو بھی ارسال کی گئی ہے۔