پاکستان
Time 25 ستمبر ، 2020

بجلی کا بدترین بحران: کے الیکٹرک نے این ٹی ڈی سی سے اضافی بجلی مانگ لی

کراچی میں بجلی کے بدترین بحران پر کے الیکٹرک نے وزارت توانائی کوخط لکھ دیا  اور درخواست کی ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اضافی بجلی فراہم کرے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ لوڈشیڈنگ پر قابوپانے کیلئے حکومت این ٹی ڈی سی سے اضافی بجلی فراہم کرے، گیس پریشر میں کمی کے سبب کے الیکٹرک کے تین پلانٹ متاثر ہیں۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گرمی کی دوسری لہر میں بجلی کی طلب 3400  میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) سے آر ایل این جی بھی فراہم نہیں کی جارہی۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ اس وقت بجلی کی پیداوار 2700 میگا واٹ ہے اور شارٹ فال 380  میگاواٹ تک ہے جس کی وجہ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی دو سے تین گھنٹے لوڈشیڈنگ پر مجبور ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں بجلی کابحران رواں ماہ کم ہونے کی کوئی توقع نہیں،کے الیکٹرک نے گیس پریشرکوجوازبناتے ہوئے بجلی کی بندش کا دورانیہ بڑھا دیا ہے اور گیس کاپریشر30 ستمبرکے بعد ہی بہترہونے کاامکان ہے۔