Time 25 ستمبر ، 2020
پاکستان

اب جمہوریت کو نقصان پہنچا تو سابقہ نقصانات کے ریکارڈ توڑ دے گا: شیخ رشید

وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اب ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچا تو وہ سابقہ نقصانات کے ریکارڈ توڑ دے گا۔ 

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست صرف ٹی وی پر ہے، میں بھی آج سے ٹوئٹ کرنا شروع ہوجاؤں گا، مجھ سے بڑی سیاست ٹی وی پر اور کوئی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر ادارہ منتخب سول حکومت کے ساتھ ہے، عمران خان کرپشن کے علاوہ ہر ایشو پر اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان میرے بھائی ہیں، اگر وہ فوج سے ملے ہیں تو اس میں کس بات کی شرم ہے؟ میں فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو کر شہید ہونے کو تیار ہوں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں جنرل باجوہ سے سیاست دانوں کی ہونے والی ملاقاتوں کی گفتگو کو اب ختم کرنا چاہتا ہوں، اگر کسی نے کچھ کہا تو میں اس کا بھرپور جواب دوں گا، اگر اب جمہوریت کونقصان پہنچا تو وہ سابقہ نقصانات کے ریکارڈ توڑ دے گا۔

خیال رہے کہ عسکری قیادت سے پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی بیان بازی میں تیزی آگئی ہے۔ 

نواز شریف نے ن لیگی ارکان کی عسکری قیادت سے ملاقاتوں پر پابندی لگا دی جب کہ پی پی چیئرمین بلاول نے شیخ رشید کی موجودگی کسی بھی اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

مزید خبریں :