پاکستان
Time 26 ستمبر ، 2020

وزیراعظم نے ایک بار پھر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا: شبلی فراز

فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور طریقے سے دنیا کے سامنے اٹھایا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں شبلی فراز کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر تاریخی خطاب کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، وزیراعظم نے کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے ڈٹ کر پیش کیا۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام ایک خواب رہے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اقوام عالم کو باور کرایا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو پامال کیا جا رہا ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا عمران خان نے آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے اور بھارت میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بےنقاب کیا۔

ان کا کہنا تھا اس کے علاوہ وزیراعظم نے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھیجے گئے چوری کے پیسےکی واپسی کے لیے فریم ورک کے خلاف پختہ عزم کا واضح اظہار کیا اور کورونا وبا سمیت تمام اہم عالمی امور پر گفتگو کی۔

مزید خبریں :