Time 26 ستمبر ، 2020
پاکستان

کورونا کیسز میں اضافہ: بلوچستان میں پرائمری اسکولز کھلنے میں تاخیر کا امکان

بلوچستان میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد پرائمری اسکول 30 ستمبر کے بجائے 15 اکتوبر سے کھلنے کا امکان ہے۔

بلوچستان میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے اور مہلک وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ 

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 94 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 14932 ہوگئی جب کہ اب تک کی اموات کی تعداد 145 ہے۔

اس تناظر میں بلوچستان حکومت پرائمری اسکول کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کا ارادہ رکھتی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں اسکول 15 روز کی تاخیر سے کھولنے کی سفارش کریں گے۔

دوسری جانب سندھ میں تمام اسکولوں کو حفاظتی انتظامات پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے  تاہم ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ملک میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھول دیے گئے ہیں اور اب پرائمری اسکول 30 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔

مزید خبریں :