پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2020

بلوچستان: کورونا کیسز سامنے آنے پر 11 اسکول بند، یونیورسٹی میں بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل

بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھلتے ہی کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہونے لگے جس کے بعد کوئٹہ، چمن،   ژوب، گوادر اور ڈیرہ بگٹی کے 11 اسکولز  بند کر دیے گئے جب کہ لورالائی میڈیکل کالج، جامعہ بلوچستان اور کوئٹہ کی وومن یونیورسٹی میں بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔

محکمہ تعلیم بلوچستان کے حکام کے مطابق کوئٹہ میں ایک نجی اسکول سمیت 4 اسکولوں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ان اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں گوادر میں 3، ژوب، چمن اور ڈیرہ بگٹی میں ایک ایک اسکول کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ جامعہ بلوچستان اور سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کوئٹہ میں شروع ہونے والی کلاسز بھی ملتوی کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب لورالائی میڈیکل کالج کے 3 ڈاکٹرز، 3 اسٹاف اور 4 اسٹوڈنٹس میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد لورالائی میڈیکل کالج کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں اب تک 950 طلبا و طالبات اور اساتذہ کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 67 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور 480 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہے۔

مزید خبریں :