26 ستمبر ، 2020
کراچی ميں 4 ماہ قبل حادثے کا شکار ہونے والے قومی ائیر لائنز (پی آئی اے) کے طیارے کے زندہ بچ جانے والے مسافر ظفر مسعود حادثے کے بعد آج پہلی بار فضائی سفر کرتے ہوئے بذریعہ پی آئی اے پرواز کراچی سے لاہور پہنچے۔
ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے سفر کے لیے دوبارہ قومی ائیرلائن کا انتخاب کیا اور پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 سے لاہور روانہ ہوئے۔
ترجمان کے مطابق دوران پرواز ظفر مسعود نے اپنی پرانی نشست والے نمبر کا ہی انتخاب کیا،کراچی ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر خلیل اللہ شیخ اور شعبہ انجینیئرنگ کے سربراہ عامر علی نے ظفر مسعود کوالوداع کہا، جبکہ لاہور آمد پر سربراہ پی آئی اے ائیر مارشل (ر) ارشد ملک خصوصی طور پر اسلام آباد سے استقبال کرنے پہنچے اور ظفر مسعود کو گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پرظفر مسعود نے کہا کہ ہوائی سفر کےلیے قومی ائیرلائن کا انتخاب کرتے ہوئے خوشگوار احساس ہوا، مکمل اعتماد ہے کہ قومی ائیرلائن حادثے اور دیگر مشکلات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کرلے گی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پی آئی اے ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے عظیم دوست کی احسان مند ہے اور ایسے مخلص مہمان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ صرف 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے جن میں سے ایک بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود بھی تھے۔