26 ستمبر ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و سماجی کارکن شاہد خان آفریدی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان الیکشن سے قبل کیے گئے وعدے پورے کریں۔
خلیجی اخبار کو انٹرویو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت میں مودی سرکار ہے، پاک بھارت کرکٹ کے امکانات نہیں، کب تک پاکستان حکومت اور بورڈ ہمیشہ پہلے قدم بڑھانے کی بات کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر رہ سکتے ہیں، پاکستان کی حکومت تو ہر وقت کھیل کیلئے تیار ہے لیکن مودی حکومت کے ہوتے ہوئے کرکٹ یا لیگ ہونا نا ممکن ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اور اٹل بہاری واجپائی کے دور میں دونوں ملکوں میں اچھے تعلقات تھے اور لوگ ایک دوسرے کے ہاں آتے جاتے تھے، ایسے حالات بحال ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈین پریمیئر لیگ ایک بڑی لیگ ہے اور ایک بڑا موقع پاکستانی کرکٹرز مس کررہے ہیں، پاکستانی کرکٹرز کا وہاں نہ کھیلنا نقصان دہ ہے۔
آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت میں کرکٹ کو انجوائے کیا ہے، لوگ محبت کرتے ہیں اور اب بھی لوگ بھارت سے مجھے سوشل میڈیا پر بات کرتے ہیں، مجموعی طور پر میرا بھارت میں تجربہ اچھا رہا ہے۔
سابق کپتان نے سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ الیکشن سےقبل کیےگئے وعدے پورے کریں، عمران خان کے پاس اچھا موقع ہے کہ حکومت ،فوج اور عدلیہ ایک صفحے پر ہیں۔