پاکستان

نواز شریف کی تقریر پر تنقید، ن لیگ نے اپنے ایم پی اے کی رکنیت معطل کردی

 نواز شریف کی فوج مخالف تقریر قومی مفاد کےخلاف ہے،جلیل شرقپوری،فوٹو: فائل

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں کی گئی نواز شریف کی تقریر پر تنقید کرنے پر مسلم لیگ ن نے اپنے رکن پنجاب اسمبلی جلیل احمد شرقپوری کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔

مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے اپنے پارٹی قائد نواز شریف کی اے پی سی میں کی گئی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی فوج مخالف تقریر قومی مفاد کےخلاف ہے، فوج پر سیاسی معاملات میں مداخلت کا بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔

جلیل شرقپوری کاکہنا تھاکہ ن لیگی قیادت نے اے پی سی کے فورم اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت اور مودی کی زبان بولی، مجھ سمیت تمام محب وطن پاکستانی اس منفی مؤقف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں،افواج پاکستان ملکی سرحدوں پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے کو تیار ہیں۔

جلیل شرقپوری کی تنقید کا نوٹس لیتے ہوئے ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

رانا ثنااللہ کاکہنا ہےکہ جلیل شرقپوری سے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا گیا ہے، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قطعاً قابل قبول نہیں،اگر جلیل شرقپوری نےجواب نہ دیا تو قانونی کارروائی کی جائےگی اور جواب نہ دینے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) الیکشن کمیشن سے رابطہ کرکے جلیل شرقپوری کو اسمبلی نشست سے برطرف کرانے کے لیے ریفرنس بھی دائرکرے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جلیل شرقپوری پارٹی قیادت کی اجازت کے بغیر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عمثمان بزدار سے وفد کے ہمراہ ملاقات بھی کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :