پاکستان
Time 27 ستمبر ، 2020

نوری آباد کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

کراچی حیدرآباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والی وین کے مزید دو زخمی دم توڑ گئے۔

گزشتہ رات کراچی حیدر آباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب مسافر وین حادثے کا شکار ہو گئی تھی، حادثے کے بعد وین میں آگ لگ گئی تھی۔

ٹریفک حادثے میں 13 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے جب کہ ایک بچی معجزانہ طور پر بچ گئی تھی۔

زخمی وین ڈرائیور نے بتایا کہ آگے جانے والی گاڑی کا بونٹ اُڑ کر وین کی وِنڈ اسکرین پر آگرا جس کے بعد وین بے قابو ہو کر اُلٹ گئی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں مزید دو زخمی دم توڑ گئے تھے، مزید دو افراد کی ہلاکت کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برنس سینٹر میں 6 مریض زیر علاج ہیں اور تمام مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مزید خبریں :