پاکستان
Time 27 ستمبر ، 2020

نوری آباد ٹریفک حادثے میں کراچی کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد بھی جاں بحق ہوئے

فوٹو: فائل

نوری آباد کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والی وین میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 5 افراد بھی جاں بحق ہوئے۔

اہلخانہ کے مطابق کراچی حیدر آباد موٹر وے پر حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک شخص کے بھائی راشد خان  نے بتایا کہ میتیں لینے میں پریشانی کا سامنا ہے، شناخت کے باوجود پیاروں کی میتیں حوالے نہیں کی جا رہیں، پولیس ڈی این رپورٹ کے بغیر لاشیں دینے سے انکار کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی حیدر آباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب مسافر وین حادثے کا شکار ہو گئی تھی، حادثے کے بعد وین میں آگ لگ گئی تھی۔

زخمی وین ڈرائیور نے بتایا کہ آگے جانے والی گاڑی کا بونٹ اُڑ کر وین کی وِنڈ اسکرین پر آگرا جس کے بعد وین بے قابو ہو کر اُلٹ گئی۔

پولیس کے مطابق مسافر وین میں مجموعی طور پر 25 مسافر سوار تھے جب کہ وین کو جس گاڑی کی وجہ سے آگ لگی وہ فرار ہوگئی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں مزید دو زخمی دم توڑ گئے تھے، مزید دو افراد کی ہلاکت کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برنس سینٹر میں 6 مریض زیر علاج ہیں اور تمام مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مزید خبریں :