Time 28 ستمبر ، 2020
پاکستان

عبداللہ عبداللہ کی شاہ محمود سے ملاقات، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال

افغان مفاہمتی کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ  نے اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

نور خان ائیر بیس اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق سمیت دیگر حکام نے عبداللہ عبداللہ کا استقبال کیا۔

 دفتر خارجہ آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عبداللہ عبداللہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا جہاں  افغان رہنما نے لان میں پودا بھی لگایا۔

 افغان وفد سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، ہم افغانستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری کا احترام کرتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان شروع سے کہتے آرہے ہیں کہ افغان مسئلےکا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں، آج دنیا پاکستان کے نکتہ نظر کو سراہ رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ امریکا طالبان امن معاہدہ اور بعد ازاں دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا انعقاد وہ تاریخی اور نادر مواقع ہیں جن سے افغانستان میں دیرپا قیام امن کےلیے امید کی شمع روشن ہوئی ہے۔

عبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانےکےلیے پاکستان کی مفاہمتی اور سنجیدہ کوششوں کی تعریف کی  اور کردار ادا کرنے پر پاکستانی قیادت کا شکریہ اداکیا۔

ملاقات کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امن مذاکرات میں آگے بڑھنے کا فیصلہ افغانستان کو کرنا ہے، پاکستان کا کردار صرف مدد دینے اور سہولت کار کا ہے، پاکستان افغان امن عمل کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔

 خیال رہے کہ افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ اپنے 3 روزہ دورے میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے  بھی ملاقاتیں کریں گے۔

مزید خبریں :