29 ستمبر ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہوا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپس لاکر عدالت پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا، اپوزیشن کواحساس ہوچکاہےکہ این آر او نہیں ملے گا، اپوزیشن جماعتیں اپنے کیسز سے توجہ ہٹانے کیلئے اداروں کو متنازع بنارہی ہیں، حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوازشریف کو وطن واپس لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں نوازشریف کو وطن واپس لانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا اور اس حوالے سے وزارت خارجہ اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھا جاسکتا ہے۔
وزیر اعظم نے اپوزیشن کی تحریک پر نظر رکھنے کیلئے سینیئر وزراء پر مشتمل کابینہ کمیٹی بنادی۔
کمیٹی میں کابینہ ارکان اسدعمر، شفقت محمود، شیخ رشید، شہزاد اکبر، ڈاکٹر بابر اعوان اور فواد چوہدری شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی اپوزیشن کی تحریک اور دیگر تمام سیاسی معاملات دیکھے گی۔