Time 29 ستمبر ، 2020
پاکستان

افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کے معترف ہیں: عبداللہ عبداللہ

افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ ماضی کی سازشی نظریات سے باہر نکلنا ہوگا جب کہ افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردار کے معترف ہیں اور لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

عبداللہ عبداللہ وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے دوسرے روز ایک تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ماضی کی سازشی نظریات سے باہر نکلنا ہوگا، افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردار کے معترف ہیں اور لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں سب نے اپنا کردار اداکرنا ہے، یہ باہمی تعلقات میں گرم جوشی کا ایک نیا دور ہے، افغان طالبان اور افغان قومی حکومت کے درمیان مذاکرات کا آغاز ایک سنہری موقع ہے لہٰذا ہمیں باہمی تعلقات کو دونوں ممالک کے مفاد میں بہتر انداز سے آگے بڑھانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اِس وقت جب ہم یہاں موجود ہیں دونوں طرف کے وفود میز پربیٹھے امن کو آگے بڑھانے پر بات کر رہے ہیں، اب بہت برسوں کے بعد ہمیں سازشی نظریات سے آگے بڑھنا ہوگا اور ہمیں گذشتہ 4 دہائیوں کے حقائق کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔

عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ میرا کام اتفاق رائے پیدا کرنا اور مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنا ہے، آج کا افغانستان 90 کی دہائی یا 2001 کا افغانستان نہیں بلکہ افغان اپنے ملک میں دہشت گردوں کے قدموں کی نشان نہیں چاہتے، ہم خودمختار افغانستان چاہتے ہیں جس میں کسی قسم کا دہشت گرد گروہ نہ ہو۔

پاکستان سے تعلقات پر انہوں نے کہا کہ عوامی سطح کے رابطوں کو برقرار رکھنا اہم ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ سمیت دیگر شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں بہت سی دشواریوں کا سامنا ہے، دہشت گردی کے ساتھ اب کورونا بھی ان چیلنجز میں شامل ہے جس نے کسی ملک کو نہیں بخشا، یہی وقت ہےکہ دونوں قوموں کو مل کر مستقبل کی راہوں کا تعین کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ تین روزہ دورے میں ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

مزید خبریں :