Time 29 ستمبر ، 2020
پاکستان

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں افغان شہریوں کیلئے نئی ویزا پالیسی کی منظوری

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 23 ستمبر اور توانائی کمیٹی کے 24 ستمبر کے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ 

اجلاس میں کابینہ نے برطانوی ائیرلائن ورجن اٹلانٹک و پاکستان اور برطانیہ کے مابین پروازوں کے اجراء، افغان شہریوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی۔

وزیر اعظم عمران خان گندم کی امپورٹ میں تاخیر پر برہم

وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان گندم کی امپورٹ میں تاخیر پر برہم بھی ہوئے اور کہا کہگندم کی امپورٹ میں کس قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں ہوگی، آٹے کی قیمت کسی صورت نہیں بڑھنے دی جائے گی، گندم اور آٹے کی قیمت عام آدمی کی پہنچ تک لاکر رہیں گے۔

اس موقع پر ٹی سی پی حکام نے کابینہ کو گندم کی امپورٹ پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ گندم کی امپورٹ کا ٹینڈر 5 اکتوبر کو کھلے گا، وزیراعظم نے کہا کہ بتایا جائے گندم کی امپورٹ میں تاخیر کا کون ذمہ دار ہے؟ اب تاخیری حربے نہیں چلیں گے کام کرنا ہوگا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت نے صرف 4 ارب ڈالر قرض لیا، قرض کی ادائیگی کا وقت زیادہ رکھا گیا، زیادہ کمرشل قرضے لیے۔

ایف بی آر کی پرفارمنس اور مسائل پر وزراء کی تنقید

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایف بی آر کی پرفارمنس اور مسائل پر بھی تنقید ہوئی، وزراء نے کہا کہ پورے ملک میں 23 لاکھ ٹیکس دہندگان ہیں، 23 لاکھ تو کراچی سمیت صرف ایک صوبے کے ہونے چاہیے تھے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ ٹیکس نیٹ بڑھے گا تو ملک میں آمد بڑھے گی۔ وزیراعظم نے وزراء کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ ٹیکس چوری روکنے کے ساتھ ملک میں ٹیکس نیٹ کوہر صورت بڑھانا ہوگا۔

وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ ارسا کے ممبر پنجاب اور وفاقی ممبر کی جگہ بھی قابل اور تجربہ کار ممبر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور ارسا کا پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں سال 2020 میں 853 ارب روپے کے گردشی قرضے میں 300 ارب روپے سے زائد کی کمی آئی ہے اور اس سال گردشی قرضے کا تخمینہ 538 ارب روپے لگایا جا رہا ہے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف اقدامات جن میں آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت، ریٹرن آن ایکویٹی کو ریشنلائز کرنے، کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاور پلانٹس کو بند کرنے، سبسڈی کے نظام کی بہتری و دیگر اقدامات کے نتیجے میں تقریباً 620 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔

کابینہ نے آمنہ بی بی کو بطور انیلسٹ فار بائیولوجیکل ڈرگز تعینات کرنے، پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ 2020 کے تحت ڈاکٹر ارشد نقی کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا صدر اور علی رضا کی بطور ممبر تعیناتی جب کہ سید حسین عابدی کو چیئرمین پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹرئیل ریسرچ اسلام آباد تعینات کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے ٹی سی پی کی جانب سے درآمد کی جانے والی گندم کے حوالے سے پری شپمنٹ ایجنسیوں کو پری شپمنٹ انسپیکشن کی ون ٹائم منظوری بھی دی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 ستمبر  اور کابینہ کی کمیٹی برائے  توانائی کے 24 ستمبر کے فیصلوں کی توثیق کی۔

مزید خبریں :