کھیل
Time 29 ستمبر ، 2020

قومی ٹیم کی مصروفیات؛ بنگلادیشں سے ملتوی ٹیسٹ رواں سیزن میں نہیں ہوسکے گا

اگلے سیزن 2021-22 میں ٹیم کی مصروفیات دیکھ کر ٹیسٹ میچ ری شیڈول کیا جا سکتا ہے: پی سی بی— فوٹو: فائل

‏پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ‏بنگلادیشں کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو ملتوی ٹیسٹ میچ رواں سیزن میں نہ کھیلے جانے سے آگاہ کردیا۔

‏ پی سی بی کا بنگلادیشی بورڈ سے رابطہ ہوا ہے جس میں انہیں واضح کر دیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئین شپ کا ایک ٹیسٹ رواں سیزن  21-2020 میں ممکن نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی مصروفیات کے باعث ٹیسٹ میچ ممکن نہیں اور اگلے سیزن 22-2021 میں ٹیم کی مصروفیات دیکھ کر ٹیسٹ میچ ری شیڈول کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز ہو رہا ہے اور پہلا نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کل سے کھیلا جائے گا، اس کے بعد زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باقی میچز اور دورہ نیوزی لینڈ پاکستان ٹیم کی مصروفیات میں شامل ہیں۔

اسی طرح آئندہ برس کے آغاز میں جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز ہوگی جس کے بعد پی ایس ایل 6 کا انعقاد ہوگا اور پھر پاکستان ٹیم کا دورہ جنوبی افریقا تجویز کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم نے رواں ماہ جنوبی افریقا کا دورہ کرنا تھا اور مختصر دورانیے کی سیریز کھیلنا تھی لیکن کورونا کے باعث وہاں کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے پر یہ دورہ ممکن نہ ہو سکا۔

اسی طرح مارچ کے آخر میں زمبابوے کے دورے سے قبل جنوبی افریقا میں ون ڈے میچز کی سیریز تجویز کی گئی ہے اور اس کے بعد زمبابوے کا دورہ شامل ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئندہ سال تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے انگلینڈ بھی جانا ہے تو ان مصروفیات میں سیزن 21-2020 میں بنگلادیش سے باقی رہ جانے والا ایک ٹیسٹ ہونا ممکن نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کئی ممالک کی سیریز مکمل نہ ہونے کے باعث ایک برس کے لیے مزید آگے بڑھ سکتی ہے۔

خیال رہے کہ بنگلادیشی ٹیم نے ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے کے لیے اپریل میں کراچی آنا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث یہ ٹیسٹ ملتوی کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل بنگلادیش سے ٹیسٹ فروری میں راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید خبریں :