وزیراعلیٰ پنجاب سے ن لیگ کے 4 ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات

ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتمادکا اظہارکرتے ہوئےکہاکہ عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ ہیں،فوٹو: پنجاب حکومت آفیشل ٹوئٹر 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے 4 ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے  غیاث الدین، فیصل خان، اشرف انصاری اور جلیل شرقپوری شامل ہیں۔

لیگی ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کاکہنا تھاکہ  لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا، شور مچانے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ارکان اسمبلی ان کے دست و بازو ہیں ،انہیں عزت و احترام دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ن لیگی ارکان کو حلقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے ون مین شو کے ذریعے تمام اختیارات اپنی ذات تک محدود رکھے، ان کے دروازے سب کے لیےکھلے ہیں، جائز مسائل فوری حل کریں گے۔

ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتمادکا اظہارکرتے ہوئےکہاکہ عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ ہیں۔ 

خیال رہے کہ 2 ماہ قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی نے قیادت کی اجازت کے بغیر وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی جب کہ گذشتہ سال وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ن لیگی ارکان  میں مذکورہ بالا 4 ارکان بھی شامل تھے۔

مزید خبریں :