پاکستان
Time 30 ستمبر ، 2020

کراچی میں کوروناکے پھیلاؤ کو روکنےکیلئےمائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ

کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے باعث پہلے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری  نوٹیفکیشن کے مطابق  کراچی کے علاقے منگھوپیر یوسی 8 میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فوری نفاذ کیا گیا ہے۔

مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ آج رات 12 بجے سے ہوگا اور 15 اکتوبر شام 7 بجے تک جاری رہے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق منگھو پیریوسی 8 میں سمامہ ولاز اور صائمہ سٹی سے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد وہاں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

نوٹیفکیشن جاری ہونےکے بعد منگھو پیر یوسی 8 میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی اور صرف راشن کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ آج کورونا وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہونے والے اجلاس میں کراچی میں کورونا کیسز کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی تھی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی  برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کراچی میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے بھی کورونا کیسز بڑھنے پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی ہدایت کی تھی۔

محکمہ صحت سندھ نے  ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی سمیت تمام ضلعی ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو خط لکھا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس افسر محکمہ صحت سے مشاورت کرکے ضابطہ کار پر عمل کرائیں۔

محکمہ صحت کا کہنا تھاکہ جس گھر سے کیس آئے گا اسے اور اس پاس کے لوگوں کو آگاہی اور قرنطینہ کی ہدایت کی جائے گی۔

مزید خبریں :