Geo News
Geo News

Time 30 ستمبر ، 2020
پاکستان

پاکستان کا اپنا خلائی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن کا دورہ کیا جہاں انہیں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان اپنا خلائی پروگرام شروع کرے گا اور اس  پروگرام سے بلین ٹری سونامی منصوبے سمیت پلاننگ ڈویژن کے تمام منصوبوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء  کے ہمراہ اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن کا دورہ کیا جہاں وزیر اعظم کو سپارکو کی جانب سے پاکستان کی خلائی صلاحیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وفاقی وزراء اسد عمر، فواد چوہدری، حماداظہر، عمرایوب  اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی ملک امین اسلم بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

دورے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کے سیٹلائٹ پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی، سپارکو کی جانب سے پاکستان کی خلائی صلاحیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے اپنا خلائی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سیٹلائٹ پروگرام کے ذریعے پلاننگ ڈویژن کے تمام منصوبوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔