01 اکتوبر ، 2020
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا۔
ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کروز میزائل کے حوالے سے سرِعام بات کرکے حساس قومی راز افشا کیے، وہ اہم ملکی رازوں سے پردہ اٹھا کر غداری کے مرتکب ہوئے ہیں، ان کیخلاف غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے۔
فیاض الحسن چوہان نےکہا ہے کہ نواز شریف نے ملکی رازوں کی حفاظت کاحلف اٹھایا تھا مگر وہ ملک، قوم اور ریاستی اداروں سے بغض اورکینے میں حد سے نکل چکے ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ ہریسے، نہاری اور عوام کا مال کھا کر نواز شریف کے دماغ پر چربی چڑھی ہوئی ہے، شریف خاندان اپنی ذات کے سوا کچھ بھی سوچنے سمجھنے سے عاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ اور افواجِ پاکستان سمیت کوئی ادارہ ان کی دشنام طرازی سے محفوظ نہیں، نواز شریف اپنی کم فہمی کے باعث ہمیشہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر سُبکی کا باعث بنے ہیں، پاکستانی عوام شریف خاندان کا ملک دشمن ایجنڈا ٹُھکرا چکی ہے۔