02 اکتوبر ، 2020
کراچی: پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ شادی ہالز اور ریسٹورینٹس کورونا کا مرکز بن رہے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 6 شادی ہالز اور 103 ریسٹورینٹس بند کردیے گئے ہیں۔
این سی او سی نے شادی ہالز اور ریسٹورینٹس کو کورونا کا پھیلاؤ کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کیا جائے، شادی ہالز اور ریسٹورینٹس پرخاص نظر رکھی جائے۔
این سی او سی نے تمام صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد انتطامیہ کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات دی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کیسز بڑھنے پر کراچی کے علاقے منگھوپیر یوسی8 سمیت ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد انتقال کرگئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 31697 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 625 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 15 افراد انتقال کرگئے۔