دنیا
Time 02 اکتوبر ، 2020

آرمینیا سے جنگ: آذربائیجان میں پاکستان و ترکی کے جھنڈے لہرانے لگے

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالکونیوں میں تینوں برادر اسلامی ملک کے پرچم لگائے ہوئے ہیں— فوٹو: آذری سفیر برائے پاکستانی

آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں رہائشیوں نے اپنے گھروں کی بالکونیوں میں پاکستان اور ترکی کے جھنڈے لگادیے۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ’نگورنو کارا باخ‘ کے تنازع پر جنگ جاری ہے اور آذری فوج نے اپنے کئی اہم علاقے آرمینیا کے قبضے سے چھڑا کر وہاں دفاعی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔

آرمینیا سے جنگ کے معاملے پر پاکستان اور ترکی نے برادر اسلامی ملک آذربائیجان کی کھل کر مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان آذری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کی ایک تصویر ٹوئٹ کی ہے جس میں وہاں کے رہائشیوں نے اپنے گھروں کی بالکونیوں میں پاکستان اور ترکی کے جھنڈے لگاکر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے پر اظہار تشکر کیا ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالکونیوں میں تینوں برادر اسلامی ملک پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے پرچم لگے ہوئے ہیں۔

آذری سفیر نے تصویر کے ساتھ تینوں ممالک کے پرچم لگا کر ’مُکا‘ کا نشان (جس کا مطلب متحد) کے ہیں پوسٹ کی ہے۔

واضح رہے کہ آج پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو نگورونو کاراباخ کے خطے میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش ہے، آذربائیجان کی شہری آبادی پر آرمینیائی فوج کی گولہ باری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان نگورونو کاراباخ سے متعلق آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے، نگورونو کاراباخ پر آذربائیجان کا مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متفقہ قراردادوں کے مطابق ہے۔

ترجمان مزید کہا کہ خطے میں امن وسلامتی کو لاحق خطرات سے بچنے کے لیے آرمینیا کو کارروائی روکنا ہوگی۔

خیال رہے کہ عالمی سطح پر ’نگورنو کارا باخ‘ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے فوج کے ذریعے قبضہ کررکھا ہے جب کہ اسی قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔

مزید خبریں :