دنیا
Time 03 اکتوبر ، 2020

7 ماہ بعد کل سے مسجد الحرام میں عمرہ کی ادائیگی شروع ہوگی

پہلے مرحلے میں 4 اکتوبر سے 6 ہزار زائرین عمرہ ادا کریں گے اور ان زائرین میں مملکت میں رہنے والے غیر ملکی و مقامی شہری شامل ہیں— فوٹو: فائل 

کورونا وائرس کے باعث کئی ماہ سے بند عمرہ کی ادائیگی کا سلسلہ کل سے شروع ہوگا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے 7 ماہ بعد معتمرین کے لیے مسجد الحرام کے دروازے کھول دیے ہیں جو کل سے طواف کرسکیں گے۔

پہلے مرحلے میں 4 اکتوبر سے 6 ہزار افراد عمرہ ادا کریں گے اور ان میں مملکت میں رہنے والے غیر ملکی و مقامی شہری شامل ہیں۔

 رپورٹس کے مطابق زائرین کو ایک بار عمرہ کرنے کے بعد دوسرا عمرہ کرنے کے لیے لازمی طور پر 14 روز کا وقفہ لینا ہوگا تاکہ اس دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کے تحت دوسرے افراد کو عمرے کی ادائیگی کا موقع مل سکے۔

پہلے مرحلے میں زائرین 6 مختلف اوقات میں عمرہ ادا کریں گے اور ہر زائر کو اس کے لیے تین گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔

مغرب سے لے کر عشاء تک زائرین کو عمرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ان اوقات میں صفائی اوراسپرے کیا جائے گا جس کے بعد درمیانی شب سے دوبارہ عمرے کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔

زائرین کی تعداد کو بتدریج بڑھایا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں 18 اکتوبر سے روزانہ 15 ہزار معتمرین کو اجازت دی جائے گی جب کہ مسجد میں 40 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔

تیسرے مرحلے میں یکم نومبر سے بیرون ملک سے بھی زائرین کو عمرے کی اجازت ہوگی اور روزانہ 20 ہزار افراد عمرہ ادا کریں گے جب کہ مسجد الحرام میں 60 ہزار افراد کو نماز کی ادائیگی اور عبادت کی اجازت ہوگی۔ 

خیال رہے کہ کورونا کے باعث رواں سال حج میں بھی محدود افراد نے شکرت کی تھی جن  میں مملکت میں رہائش پذیر غیرملکی اور مقامی افراد شامل تھے۔

مزید خبریں :