کھیل
Time 03 اکتوبر ، 2020

پاک زمبابوے سیریز سے قبل میڈیکل ٹیم بائیو سیکیور ببل کا جائزہ لے گی

زمبابوے کرکٹ ٹیم نے اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہے— فوٹو:فائل

زمبابوے کرکٹ بورڈ کا 5 رکنی وفد انتظامات کا جائزہ لینے رواں ماہ پاکستان آئے گا جس میں زیادہ تر میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد شامل ہوں گے۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم نے اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہے اور  شیڈول کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے جبکہ میچز ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے۔

سیریز سے قبل زمبابوے کرکٹ کا 5 رکنی وفد انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان آئے گا۔

وفد 10 سے 15 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا جس میں زیادہ افراد کا تعلق میڈیکل کے شعبے سے ہوگا۔

وفد راولپنڈی پہنچے گا اور پہلے مرحلے میں راولپنڈی اور  پھر ملتان میں انتظامات کا جائزہ لے گا جہاں وفد دونوں وینیوز پر بائیو سیکیور ببل میں انتظامات کا جائزہ لے گا۔

زمبابوے کرکٹ کو بائیو سیکیور پروٹوکولز  پہلے ہی بھجوا دیے گئے تھے جن پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ وفد کے دورے کا مقصد سیریز کے مستقبل کا فیصلہ کرنا نہیں صرف انتظامات دیکھنا ہے، سیریز پہلے ہی یقینی قرار دی جا چکی ہے۔

وفد ہوٹل اور گراؤنڈز میں بائیو سیکیور ببل کے انتظامات دیکھے گا۔ دورے کے دوران پاکستان ٹیم کے اپریل میں دورہ زمبابوے پر بھی بات ہوگی اور وفد کے تمام اخراجات زمبابوے کرکٹ کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں :