10 ستمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی روح ہے ، اس کی مخالفت کرناجمہوریت کی مخالفت کرنا ہے۔یہ بات انہوں نے لاہور زونل آفس پرایم کیوایم لاہور زون اور مختلف ڈسٹرکٹ اور تحصیل کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کے نفاذ پر مختلف سیاسی جماعتوں کی مخالفت اس بات کا مظہر ہے کہ یہ سیاسی جماعتیں ملک میں جمہوریت اور گراس روٹ تک عوامی مسائل کے حل کے جمہوری نظام کے حق میں نہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے مسائل کاحل چاہتے ہیں اورچاہتے ہیں کہ لوگوں کوان کی گلیوں تک مسائل کاحل پہنچے اورعوام کے نمائندے گلیوں میں ان کی دسترس میں ہوں۔لاہور زون کے ذمہ داران اور کارکنان نے الطاف حسین کو بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا حق پرستی کا پیغام اب شہروں سے نکل کر ڈسٹرکٹ، تحصیل اور ٹاؤن میں پھیل رہا ہے اور غریب و متوسط طبقہ کے لوگ تیزی سے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرر ہے ہیں۔ الطاف حسین نے لاہور زون کے تمام ذمہ داران کو ہدایت کی وہ پنجاب میں شعبہء خواتین اور لیبر ڈویژن سمیت تمام شعبوں کو فعال کریں اور تحریک کے پیغام کو پھیلانے کیلئے تمام ذمہ داران اور کارکنان اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اس موقع پرلاہور زون کے ذمہ داروں نے الطاف حسین کو بتایا کہ خانقاہ ڈوگرا زیارت کریم میں کرسچن کمیونٹی کے سالانہ اجتماع کے موقع پر ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے جہاں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف عوام کو مفت طبی سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ الطاف حسین نے اس نیک کاوش پر لاہور زون کے تمام عہدیداران و کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی تمام تحریکی کارکنوں میں ہمت وحوصلہ پیدا کرے اور وہ اسی نیک جذبہ سے تحریک کے کام کو آگے بڑھائیں۔