پاکستان
Time 05 اکتوبر ، 2020

آئین کی بات، عوامی مسائل کو اجاگر کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہوگی: شاہد خاقان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی بات کرنا، عوامی مسائل کو اجاگر کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہوگی۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں آج ایک شہری بدر رشید نے ملک کے سابق وزرائے اعظم، سابق وفاقی وزراء اور سابق گورنر کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا۔

انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی وزراء میں ہمت ہے تو بدر بشیر کا سہارا نہ لیں، خود سامنے آئیں، وزیر داخلہ اپنے نام سے مقدمہ درج کرائے، مسلم لیگ ن ان مقدمات کا سامنا کرے گی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر آئین کی بات کرنا، عوامی مسائل کو اجاگر کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہو گی، اگر اپنے حق کے لیے بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز یہ بغاوت ہو گی، اگر حکومت کو گھر بھیجنے کی بات کرنا غداری ہے تو ہر روز یہ بغاوت ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا  کہ  اگر سی پیک کی بندش کی بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہو گی، اگر ملک کے خلاف سازش کو بے نقاب کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہو گی، اگر کشمیر کے سودے پر بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہو گی۔

ن لیگ کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کارکردگی سے بات کرتی ہے، گالیوں سے بات نہیں کرتی، وفاقی ورزاء سے کہتا ہوں کہ سیاسی میدان میں مقابلہ کرنا ہے تو آؤ، یہمت ہے تو ہتھکڑی لگاؤ، مقدمہ عوام کے سامنے چلاؤ، مسلم لیگ ن حاضر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج حکومت کو اپنی کارکردگی دکھانےکا وقت تھا، بتاتے کہ ملک کے لیے کیا کیا، لیکن کیا کسی وزیر نے آٹے، چینی، منہگائی، کرپشن، بے روزگاری کی بات کی،  شاید سارے عوامی مسائل ختم ہو گئے اس لیے وفاقی وزراء چار پانچ روز سے پریس کانفرنسیں کر رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب کسی کے خلاف بات کرنے کے لیے کچھ نہ رہ جائے تو کہا جاتا ہے یہ بغاوت کر رہا ہے، ابھی مسئلہ شروع نہیں ہوا اور بغاوت کا پرچہ درج ہو گیا، آپ آج سیاست میں غداری لے آئے ہیں، آج معاملہ شروع ہی نہیں ہوا اور حکومت نے آخری حربہ استعمال کر لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم پاکستان میں کرپشن، مہنگائی اور بدحالی کو روکے گی اور پاکستان کو ترقی دے گی۔ 

جو بھی پاکستان کے آئین سے رو گردانی کرے گا ہم اس کے خلاف جنگ کریں گے: احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج ہر وہ پاکستانی جو امن اور سکون کی زندگی گزار رہا ہے، وہ جانتا ہے کہ پاکستان بنانے والے کون ہیں، وہ لوگ جنہوں نے پاکستان کو تعمیر کیا، جنہوں نے اس ملک میں بجلی کا بحران ختم کیا، جنہوں نے سی پیک جیسا منصوبہ لگایا، جنہوں نے چپے چپے پر شاہرائیں اور موٹر ویز بنائیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ جنہوں نے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالا، معیشت کو تین فیصد سے 5 اعشاریہ 8 فیصد تک اضافہ، وہ ہیں غدار اور جنہوں نے معیشت کو 5 اعشاریہ 8 فیصد سے منفی گروتھ ریٹ میں لاکر پھینک دیا اور سی پیک جیسے منصوبے کو واپس پیچھے لے گئے، یہ ہیں حب الوطن، یہ کھیل اب نہیں چلے گا۔

ان کا کہنا تھا ہر وہ شخص جو پاکستان کے آئین سے رو گردانی کرے گا ہم اس کے خلاف جنگ کریں گے کیونکہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کا مقصد ہی پاکستان میں آئین اور جمہوریت کی بحالی ہے۔

مزید خبریں :