Time 05 اکتوبر ، 2020
پاکستان

شہبازگل سرکاری عہدہ کیساتھ ساتھ امریکی ادارے سے ڈالربھی وصول کرتے ہیں: عطا تارڑ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شہبازگل کےحوالے سےکچھ دستاویزات سامنےآئی ہیں جس کے مطابق شہباز گل اپنےامریکی مالک سے تنخواہ وصول کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازگل سرکاری عہدہ رکھتے ہیں اورامریکی ادارے سے ڈالربھی وصول کرتے ہیں، اگر وہ بازنہ آئے تووہ جہاں بھی ہوں گےہم وہاں ان کا گھیراؤ کریں گے۔

عطا تارڑ نے شہبازگل کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو بھارتی ایجنٹ کا الزام ثابت کرنا پڑے گا، اگر بھارتی ایجنٹ کا الزام ثابت نہ کیا تو پوری قوم کے سامنے معافی مانگیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازگل کو مناظرے کا چیلنج کیا مگر ابھی تک جواب نہیں ملا،جو ڈالر شہبازگل امریکا سے لے رہے ہیں، اسے ڈکلیئر کیوں نہیں کیا؟

اس کے علاوہ لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، تحریک ابھی باضابطہ شروع نہیں ہوئی مگر ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، عمران خان کسی چوک میں کھڑےہوکرکہیں نوازشریف محب وطن نہیں توآپ کو پتہ لگ جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے الزام عائد کیا تھا کہ نواز شریف کے بیٹے نے ایک ہوٹل میں بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے بھیجے ہوئے تین ا فراد سے ملاقات کی ان کے نام بھی موجود ہیں ، پچھلے منگل کو نواز شریف نے خود لندن میں ایک سفارت خانے میں جاکرخفیہ ملاقات کی۔

اس کے علاوہ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مریم نواز کی ایک بھارتی شہری سے جو ملاقات ہوئی وہ کھوکھر پیلس میں ہوئی، پریس کانفرنس کے بعد وہ اسی جگہ پر رکی رہیں اور سگنل ملنے پر وہاں سے نکل کر سیدھی کھوکھر پیلس پہنچیں۔

مزید خبریں :