07 اکتوبر ، 2020
عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر اسمارٹ سینیٹائزنگ کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں روبوٹ نصب کردیے گئے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے دونوں مساجد میں اسٹیریلائزیشن کے لیے روبوٹس کا افتتاح کیا۔
شیخ عبدالرحمٰن السدیس نےاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ روبوٹ کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے کافی معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ روبوٹ خصوصی طور پر مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کی اندرونی اسٹیریلائزیشن کریں گے جس سے ان مقامات کو جراثیم سے پاک کیا جائےگا۔
شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا کہ یہ روبوٹ مکمل طور پر خودمختار ہیں اور یہ اپنے اندر لگے سینسرز کی مدد سے اسٹیریلائزیشن کا کام انجام دیں گے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نصب کیے جانے والے روبوٹ بغیر کسی مداخلت کے 5 سے 8 گھنٹوں تک کام کر سکتا ہے جب کہ روبوٹ میں 24 ہزار لیٹر تک جراثیم کش محلول ڈالا جا سکتا ہے اور اسے 2 لیٹر اسپرے کرنے میں ایک گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔
یہ روبوٹ ایک وقت میں 600 اسکوائر میٹر کے رقبے کو مکمل طور پر جراثیم سے پاک کردیتے ہیں۔