کھیل
Time 10 اکتوبر ، 2020

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شعیب ملک نے تمام پاکستانی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا

شعیب ملک نے کیریئر کے395 ویں میچ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا،فوٹو: پی سی بی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے ٹی ٹوئٹنی کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرلیے۔

 شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

ان سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور کیرون پولارڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں10ہزار رنز مکمل کرنےکااعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

38 سالہ  تجربہ کا رآل راؤنڈر شعیب ملک نے 10ہزار رنز کا سنگ میل ہفتے کو راولپنڈی میں ہونے والے خیبر پختونخوا اوربلوچستان کے درمیان قومی ٹی ٹوینٹی کپ  کے میچ میں عبور کیا۔

شعیب ملک نے اپنےکیریئر کے 395 ویں میچ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 چھکوں اور  8چوکوں کی مدد سے 44گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی،اس اننگز کے 47 رن کے ساتھ انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے10 ہزار رنز مکمل  کیے۔

وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے اور ایشیا کے پہلے بلے باز ہیں، ان سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور کیرون پولارڈ بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

شعیب ملک کے قریب ترین ایشین بلے باز بھارت کے ویرات کوہلی ہیں جو اب تک 9 ہزار  33 رنز بناچکے ہیں۔

حیرت انگیز طور پر شعیب ملک کے کیریئر میں ایک بھی سینچری شامل نہیں  یوں وہ بغیر سینچری کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ان کے مجموعی ٹی 20 میچز کی تعداد 395 ہے اور مزید 5 میچ کھیل کر وہ 400 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے دنیا کے چوتھے کرکٹر بن جائیں گے۔

مزید خبریں :