دنیا
Time 10 اکتوبر ، 2020

ٹرمپ کے بعد یورپی یونین کی اہم شخصیت میں کورونا کی تشخیص

ماریہ گبرئیل یورپی یونین کی اعلیٰ قیادت میں پہلی شخصیت ہیں جو مہلک وائرس کا شکار ہوئی ہیں— فوٹو:فائل 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد یورپی یونین کی کمشنر ماریہ گبرئیل میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

یورپی یونین کی کمشنر برائے تحقیق و اختراع ماریہ گبرئیل نے گزشتہ پیر کو ہی ٹیم رکن کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آئسولیشن اختیار کرلی تھی اور ان کا پہلا ٹیسٹ بھی نیگیٹو آیا تھا تاہم اب ان کا دوسرا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ماریہ گبرئیل نے ٹیسٹ مثبت آنے کا خود ہی ٹوئٹ کرکے بتایا جس کے بعد وہ یورپی یونین کی اعلیٰ قیادت میں پہلی شخصیت ہیں جن میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

یورپی یونین کا ہیڈکوارٹر بیلجیم کے شہر برسلز میں واقع ہے جب کہ ماریہ گبرئیل کا تعلق بلغاریہ سے ہے اور وہ 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین کی کمشنر برائے تعلیم و تحقیق، اختراع، نوجوانان اور ثقافت ہیں۔

اس سے قبل یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسولا وین ڈور لیئن بھی کورونا سے متاثرہ شخص سے میل جول کے بعد سیلف آئسولیشن میں چلی گئی تھیں تاہم ان کے دونوں ٹیسٹ منفی آئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں بھی مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ چند روز اسپتال میں بھی رہے تھے۔

مزید خبریں :