پاکستان
Time 11 اکتوبر ، 2020

شادی ہالز میں کورونا ایس او پیز کا جائزہ لینے کیلئے 1200 افراد کے نمونے لیے گئے

لاہور: کورونا وائرس کے لیے بنائی گئیں ایس او پیز  پر عملدرآمد کا جائزہ اور کورونا ٹیسٹنگ کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی ٹیموں نے شادی ہالز کی چیکنگ شروع کر دی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شعیب گرمانی کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور کے مختلف علاقوں میں شادی ہالز کی چیکنگ کی اور وہاں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مطابق ٹیموں نے شادی کی تقریبات میں شریک افراد کے سیمپل لیے۔

سی ای او ڈاکٹر شعیب گرمانی نے بتایا کہ  شادی ہالز سے 1200 افراد کے نمونے لیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں این سی او سی نے شادی ہالز میں تقریبات کے باعث کورونا پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کورونا کی روک تھام کے لیے ضابطہ کار بھی جاری کیا تھا۔

این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے شادی ہالز میں ہر تقریب کا دورانیہ 2 گھنٹے ہو گا اور رات 10 بجے کے بعد تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔

علاوہ ازیں اِن ڈور اجتماعات میں 300 جب کہ آؤٹ ڈور میں 500 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی اور ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر متعلقہ شادی ہال کو بند کر دیا جائے گا۔

مزید خبریں :