11 اکتوبر ، 2020
ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لاہور میں آٹے کے بحران کے باعث تندور مالکان نے سادہ روٹی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کل سے روٹی کی قیمت 10 روپے کیے جانے کا امکان ہے۔
صدر نان بائی ایسوسی ایشن کہتے ہیں کہ 8 روپے کی روٹی کی قیمت بڑھانا مجبوری ہے، ناقص کوالٹی آٹے کی 15 کلو کی تھیلی بھی 950 روپے سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 860 روپے ملنے والا 20 کلو کا بیگ کہیں دستیاب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال کے دوران روٹی کی قیمت 6 روپے پر ہی ٹکی رہی لیکن صرف رواں سال روٹی سمیت ہر شے کی قیمت میں کئی بار اضافہ ہو چکا ہے۔
دوسری جانب پشاور میں بھی آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہری پریشان ہیں اور استطاعت نہ رکھنے والے شہریوں کو سرکاری آٹے کے حصول کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑا رہنا پڑتا ہے۔
شہری شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی جمع کر کے 20 کلو کا تھیلا 860 روپے میں مخصوص ڈیلرز سے خریدتے ہیں۔
آٹا بحران کی صورتحال پر دکانداروں کا کہنا ہے کہ آٹا ڈیلرز پنجاب سے آٹا مہنگے داموں ملنے کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔
دکانداروں نے بتایا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1320جب کہ فائن آٹے کا تھیلا 1400 روپے میں فروخت کرتے ہیں جس سے وہ صرف 10 سے 15 روپے منافع کماتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری آٹے کا معیار بہتر اور کوٹہ دو گنا کیا جائے تاکہ وہ آسانی سے وقت ضائع کیے بغیر آٹا خرید سکیں۔