11 اکتوبر ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے خلاف سیریز کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت راولپنڈی میں ون ڈے میچز سے سیریز کا آغاز ہو گا جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے اعلان کے مطابق آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز راولپنڈی سے کرے گا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، یہ تینوں میچز ابتدائی طور پر ملتان میں شیڈول تھے تاہم لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کی بناء پر انہیں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں شیڈول تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی اب لاہور کے سپرد کر دی گئی ہے، یہ میچز اب 7، 8 اور 10 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا، لہٰذا ہم نے سیریز کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیا اور ایک ایسا شیڈول ترتیب دیا ہے جو دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے لیے موزوں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نومبر میں لاہور شہر میں متوقع سموگ کی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور اگر اس دوران کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس پر غور کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی اور پھر 21 تا 27 اکتوبر کو مہمان ٹیم قرنطینہ کی مدت پوری کرے گی جس کے بعد مہمان ٹیم 28 اور 29 اکتوبر کر پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی اور پھر 30 اکتوبر کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا۔