پاکستان
Time 11 اکتوبر ، 2020

وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو اشیائے صرف کی قیمتوں پر نظر رکھنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو اپنے علاقوں میں اشیائے صرف کی قیمتوں پرنظر رکھنے کی ہدایت کردی۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 'آئندہ ہفتے کے روز  ٹائیگر فورس سے ملاقات کروں گا، تب تک ہمارے رضاکار اپنے قرب و جوار میں باقاعدگی سے دال، آٹا، چینی اور گھی کی قیمتیں معلوم کریں اور انہیں ٹائیگر فورس کے پورٹل پر ڈالیں، ہفتے کو اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے'۔

گذشتہ روز وزيراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھاکہ کھانے پینے کی اشیاء سستی کرنے کے لیے آئندہ ہفتے ریاست تمام وسائل استعمال کرے گی ۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ مہنگائی کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں اور دیکھ رہے ہیں کہ یہ حقیقی سپلائی کی قلت ہے یا مافیاز کی جانب سے ذخیرہ اندوزی؟ یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ اسمگلنگ ہے یا پھر کچھ اور؟

خیال رہے کہ ملک بھرمیں اشیائے صرف کی قیمتيں عوام کی پہنچ سے دور نکل گئی ہیں اورآٹا،دالیں،چینی،سبزی اور گوشت سمیت کوئی بھی چیز سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں ہے اور سستے باز ار بھی مہنگے ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :