کورونا : بازاروں، اسپتالوں اور دفاتر میں ماسک پہننا لازمی قرار

حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں ملک بھر کے بازاروں، اسپتالوں اور دفاتر میں ماسک پہننےکو لازمی قرار دینےکا فیصلہ کرلیا۔

یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں ہوا، اجلاس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جب کہ وفاقی وزراء، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکام نے اجلاس میں مریضوں کے ڈیٹا اور دیگر مسائل پر بات کی اور کورونا کے حوالے سے مختلف اہم فیصلےکیےگئے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ حکومت نے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بجائے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کو اعتماد میں بھی لیا۔

ذرائع کے مطابق عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنےکا فیصلہ کیاگیا ہے، اس سلسلے میں عام مارکیٹوں،اسپتالوں اور دفاتر میں ماسک پہننالازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ہاتھوں کی صفائی اور سینی ٹائیزر کا استعمال بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔

اجلاس میں شرکاء کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ احتیاط نہ کی تو سردی میں کوروناکیسز بڑھ جائیں گے،لوگ خود بھی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

مزید خبریں :