Time 13 اکتوبر ، 2020
پاکستان

موٹر وے کیس: مرکزی ملزم کو گرفتار کرنیوالی ٹیم کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی نے موٹروے کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے والی ٹیم کیلئے 50  لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو سائنٹیفک طریقہ تفتیش سے گرفتار کیا گیا۔

سینٹرل پولیس آفس کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی شہزادہ سلطان کی سربراہی میں اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے دن رات محنت کی جب کہ ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کا ملزم کی گرفتاری میں کلیدی کردار رہا۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے لاہور سمیت 9 اضلاع میں چھاپے مارے گئے جب کہ شواہد اور قانون کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھائی جائے گی جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ملزم کی گرفتاری کیلئے اقدامات میں ذاتی دلچسپی لیتے رہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئی جی پنجاب انعام غنی کو مرکزی ملزم کی گرفتاری پر مبارکباد پیش کیا اور انویسٹی گیشن ٹیم کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

واقعے کا پسِ منظر

9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا۔

2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

کار کا پیٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔

جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا اور خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کیا۔

پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی۔

مزید خبریں :