پاکستان
Time 14 اکتوبر ، 2020

ن لیگ کا حکومت پر پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کیلئے پولیس استعمال کرنے کا الزام

مسلم لیگ ن نے حکومت پر گوجرانوالا میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ روکنے کے لیے پولیس کو استعمال کرنے کا الزام لگا دیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو سمجھنا چاہیے وہ عمران خان کے ملازم نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کی درخواست پر آج تک جواب نہیں آیا، اب 16 اکتوبر کا جلسہ جی ٹی روڈ گوجرانوالا پر ہوگا۔

مسلم لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پولیس اور کنٹینرز ہمارا راستہ نہیں روک سکتے، وہ کرپٹ ترین حکومت جو ناکام ہوچکی ہے اس حکومت سے نجات کا سلسلہ گوجرانوالہ سے شروع ہوگا۔

گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے شہزاد اکبر سے کہا کہ وہ اپنا ٹکٹ بک کروالیں، احتساب یہیں ہوگا اور عوام کے سامنے ہوگا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ جلسے سے پہلے حکومت کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے ،عمران خان کی حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ابھی تو پہلے جلسے کا اعلان ہوا ہے اور عمران خان کی حکومت کی یہ کیفیت ہے کہ اس کا سانس چڑھ گیا ہے، اس حکومت نے مہنگائی کو غریبوں کے لیے کورونا وائرس سے زیادہ مہلک وائرس بنادیا ہے۔

خیال رہے کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالا میں پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل پنجاب کے مختلف شہروں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

 پکڑ دھکڑ کے بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ٹرک اور کنٹینر رائے ونڈ روڈ اور جاتی عمرہ جانے والے راستوں پر کھڑے کر دیے ہیں اور  مختلف شہروں سے ن لیگ کے پوسٹرز ، بینرز اور پینا فلیکس اتارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مزید خبریں :