دنیا
Time 14 اکتوبر ، 2020

جی 20 نے غریب ممالک کیلئے قرض واپس کرنے کی رعایت میں 6 ماہ کی توسیع کردی

 قرضوں کی ادائیگی میں نرمی کی سہولت میں جون 2021 تک توسیع کی گئی ہے،فوٹو: فائل

دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کے گروپ (جی 20) نے غریب ترقی پذیر ممالک پر واجب الادا قرضے مزید 6 ماہ تک منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا اعلان سعودی وزیر خزانہ محمد الجدان نے ریاض میں ہونے والے جی 20 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے اجلاس کے بعدکیا۔

محمد الجدان کاکہنا تھاکہ اس سے قبل اپریل میں کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ معاشی صورتحال کے باعث جی 20 ممالک نے غریب ممالک کے قرضے دسمبر تک منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا اوراب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قرضوں کی ادائیگی میں نرمی کی سہولت میں جون 2021 تک توسیع کردی جائے۔

جی 20 ممالک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہاگیا ہےکہ قرضوں کی ادائیگی میں نرمی کی سہولت میں توسیع کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث دی گئی ہے اور اس کا وقت دسمبر 2021 تک بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔

یورپین نیٹ ورک آن ڈیٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کا کہنا ہے کہ اس رعایت کیلئے دنیا بھر سے 46 ممالک کو منتخب کیا گیا ہے جن میں زیادہ تر افریقی ممالک ہیں۔

جی 20 ممالک کی جانب سے یہ اعلان عالمی بینک اور دیگر عالمی تنظیموں کے مطالبےکے بعدکیا گیا ہے جب کہ بعض اداروں نے تو یہ سہولت 2022 تک فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہےکہ گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے بھی کورونا سے متعلق اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ غریب ممالک کورونا بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں لہٰذا جی20گروپ کی طرف سے قرضوں میں نرمی میں کم ازکم ایک سال کی توسیع کی جائے۔

وزیراعظم کاکہنا تھاکہ قرضوں کی واپسی میں نرمی کی توسیع سے کریڈٹ ریٹنگ متاثر نہیں ہونی چاہیے، عالمی مالیاتی ادارے قرضوں کی واپسی میں نرمی کے اقدام میں حصہ لیں۔

مزید خبریں :