15 اکتوبر ، 2020
لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کل بعد نماز جمعہ جاتی عمرہ سے جلسہ گاہ کیلئے روانہ ہوں گی۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق مریم نوازکا قافلہ بابو صابو انٹرچینج سے ہوتا ہوا شاہدرہ چوک پہنچے گا اور کامونکی کے قریب مولانا فضل الرحمان کے قافلے سے ملے گا۔
اس حوالے سے ن لیگ کے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے کارکنوں کے قافلے جاتی عمرہ پہنچیں گے، کارکن اپنے طور پر سیدھا گوجرانوالا بھی جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مستعفی نہ ہوئی تو اسے مزید عوامی احتجاج کا سامنا کرنا ہو گا، حکومت کے دن گنے جا چُکے ہیں، عوام مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت پر غم و غصے میں ہے،عوام موجودہ حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے ن لیگ کی میزبانی میں جلسہ 16 اکتوبر یعنی کل گوجرانوالا میں ہوگا جس کے لیے جناح اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔