دنیا
Time 16 اکتوبر ، 2020

برطانیہ میں کورونا کی دوسری لہر، ملکہ برطانیہ کا ماسک کے بغیر اہم دورہ

فوٹو: بشکریہ سی این این 

دنیا بھر میں متعدد ممالک سمیت برطانیہ میں بھی عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر پابندیاں عائد کی گئی ہیں لیکن ملکہ برطانیہ ماسک کے بغیر اہم دورے پر پہنچ گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملکہ برطانیہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پیشِ نظر مارچ میں لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد پہلی بار کسی عوامی مقام پر نظر آئی ہیں۔

ملکہ برطانیہ نے اس موقع پر نہ ہی ماسک پہن رکھا تھا اور نہ سماجی فاصلہ اختیار کیا ہوا تھا۔

ملکہ برطانیہ اپنے پوتے شہزادہ ولیم کے ساتھ ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیبارٹری کے دورے پر گئی تھیں جہاں نہ صرف انہوں نے بلکہ ان کے ساتھ موجود کسی شخص نے ماسک نہیں لگایا تھا۔

اس حوالے سے بکنگھم پیلس کا کہنا ہےکہ ملکہ برطانیہ نے پورٹن ڈاؤن ملٹری ریسرچ فیسیلیٹی میں اپنے طبی ماہرین اور سائنسدانوں سے مشورہ کرنے کے بعد ماسک نہ پہننے کا فیصلہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ ملکہ برطانیہ نے لاک ڈاؤن کا عرصہ اپنے شوہر پرنس فلپ کے ساتھ ونڈسر کیسل میں ہی گزارا اور پرنس فلپ وبا کی وجہ سے اپنے تمام تر فرائض آن لائن نبھا رہے ہیں۔

مارچ میں ملکہ برطانیہ کے سب سے بڑے بیٹے 71 سالہ شہزادہ چارلس کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے اور انہوں نے اسکاٹ لیند میں آئسولیشن اختیار کی تھی۔

مزید خبریں :