Time 17 اکتوبر ، 2020
پاکستان

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا

وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کی تقریب سے خطاب میں اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اب مختلف قسم کا عمران خان آنے والا ہے، چوروں اور ڈاکوؤں کو کسی قسم کا پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹائیگر فورس کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا  کہ 'گزشتہ رات جو سرکس ہوئی اس پر کچھ بات کروں گا'۔

انہوں نے کہا کہ اس سرکس میں بڑے فنکار تھے مگر آپ کی سوئی ڈیزل پر کیوں اٹک گئی ہے۔

اس دوران ٹائیگرفورس کی نعرے بازی کی وجہ سے وزیراعظم نے خطاب کچھ دیر کیلئے روک دیا۔

 تھوڑے سے لوگ چینی بناتے ہیں لیکن وہ طاقتور ہیں: وزیراعظم

گندم کی کمی اور مہنگائی پر وزیراعظم نے کہا کہ دو سال ملک میں گندم  کی کم پیداوار ہوئی جس کی وجہ غلط ٹائم پر بارشیں ہیں، اُس وقت بارشیں ہوئیں جب گندم کی کٹائی کا وقت تھا، ہمیں 27 لاکھ ٹن گندم چاہیے تھی، بارش کی وجہ سے خسارہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جب گندم کم ہوئی قیمتیں اوپر جانا شروع ہوئیں، ہمیں دیر سے پتا چلا جب تک باہر سے گندم درآمد کی تو  ملک میں ذخیرہ اندوزی شروع ہوگئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی بہت وجوہات ہیں، ہمارا روپیہ گرا، ہمیں حکومت ملی تو تاریخ کا بڑا 40 ارب ڈالر کا خسارہ تھا، جب یہ خسارہ ہوتا ہے کہ ڈالر کی کمی ہوتی ہے، روپیہ کی قدر کم ہوجاتی ہے، ایسے میں باہر سے جو چیزیں لیتے ہیں وہ مہنگی ہوجاتی ہیں، ہم دالیں باہر سے لیتے ہیں وہ مہنگی ہوگئیں۔

دم دبا کربھاگنے والا گیدڑ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف بات کررہا ہے، یہ وہ آدمی ہے جو ضیاء الحق کے جوتے پالش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بنا تھا: عمران خان— فوٹو: پی آئی ڈی

ان کا کہنا تھا کہ تھوڑے سے لوگ چینی بناتے ہیں لیکن وہ طاقتور ہیں، دونوں خاندان شریف اور زرداری خاندان کی ملز ہیں، ان کی من مانی ہوتی تھی لیکن اب پہلی بارجو ہم پلان لے کر آرہے ہیں، اس سے آگے ایسے مہنگی چینی نہیں ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کو ہدایت کی کہ کہیں خود جاکر مداخلت نہیں کرنی، موبائل فون کے ذریعے تصویر لے کر پورٹل پر ڈالنی ہے پھر انتظامیہ کا کام ایکشن لینا ہے، دکانوں پر قیمتوں کی فہرست نہ لگی ہو تو اس کی بھی تصویر دینی ہے۔

مریم اور بلاول نے ایک گھنٹہ حلال کا کام نہیں کیا: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید سے قبل نعرے بازی کرنے پر ٹائیگر فورس کو ہدایت کی کہ خاموش ہوجائیں اگر خاموش نہ ہوئے تو انجوائے کیسے کریں گے۔

اس دوران وزیراعظم نے اسکرین پر نواز شریف کی تصاویر دکھا کر دعویٰ کیا کہ نواز شریف نے لندن جانے کے لیے ڈرامے بازی کی۔ 

وزیر اعظم نے مریم اور بلاول کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں نے پیش گوئی کی تھی کہ جب چوروں کی چوری پر ہاتھ پڑے گے تو سب اکٹھے ہوں گے— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم نے مریم اور بلاول کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں نے پیش گوئی کی تھی کہ جب چوروں کی چوری پر ہاتھ پڑے گے تو سب اکٹھے ہوں گے، گزشتہ روز دو بچوں نے تقریریں کیں، ان پر بات نہیں کرنا چاہتا، ایک ان میں سے نانی ہوگئی ہے لیکن وہ میرے لیے بچی ہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جو انسان جدوجہد نہیں کرتا وہ لیڈر ہی نہیں بن سکتا اور انہوں نے ایک گھنٹہ حلال کا کام نہیں کیا اور وہ لیکچر دے رہے ہیں جو اپنے باپ کی حرام کی کمائی پر پلے ہوئے ہیں‘۔

نواز شریف نے جنرل باجوہ پر نہیں پاکستانی فوج پر حملہ کیا ہے: وزیراعظم

نواز شریف کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ فوجیوں پر مسلسل حملے ہورہے ہیں اور ہر روز فوجی جان کی قربانیاں دے رہے ہیں، گزشتہ دنوں 20 لوگ شہید ہوئے اور یہ ہمارے لیے اور ملک کیلئے جان کی قربانیاں دے ر ہے ہیں لیکن یہ گیدڑ جو دم دبا کر باہر بھاگا تھا وہاں بیٹھ کر آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف زبان استعمال کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج فوج اور اس کے سربراہ پر تنقید کررہا ہے، خود یہ جنرل جیلانی کے گھر پر سریا لگاکر وزیر بنا، یہ ضیاء الحق کے جوتے پالش کرتے کرتے وزیراعلیٰ بنا تھا، جنرل درانی سے مہران بینک کے ذریعے کروڑروں روپے لیے تھے، ملک کی بدقسمتی ہے کہ عدالتوں نے اس کی مدد کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ چوری کا پیسہ بچانے کے لیے ملک کو بیچ سکتے ہیں، ان کا پتا صاف ہورہا ہے، انہوں نے جو ملک کے ساتھ کیا یہ میر جعفرو میر صادق نے کیا تھا، یہ حملہ جنرل باجوہ پر نہیں پاکستانی فوج پر حملہ ہے، یہی بات نریندر مودی کررہا تھا۔

کل کی تقریرسن کرنیا عمران خان بن گیا، مقابلہ کروں گا: وزیراعظم

اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اب اپوزیشن مختلف عمران خان دیکھے گی، اب کسی ڈاکو کو پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا،  کل کی تقریرسن کرنیا عمران خان بن گیا ہے، اب سے ان کو کوئی وی آئی پی جیل نہیں ملے گے بلکہ عام جیل ملے گی، اب مقابلہ کرکے دکھاؤں گا۔

عدلیہ اور قومی احتساب بیورو (نیب)  کو مخاط کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عدلیہ اور نیب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ لوگ تنگ آگئے ہیں اور انصاف چاہتے ہیں، قوم انتظار کررہی ہے کہ مقدمے کب عدالت میں مکمل ہوں گے، حکومت ہر طرح کی مدد دینے کو تیار ہیں، ان کے کیسز کی روز سماعت کرکے معاملہ ختم کریں۔

نیب کے حوالے سے وزیراعظم نے مزید کہا کہ نیب نے صحیح کام کیا ہے لیکن نیب آزاد ہے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائے، میرے ماتحت جو ادارے ہیں، ان کو تیار کروں گا، ان چوروں کو اب پکڑیں گے۔

تقریر کے آخر میں ایک بار پھر سابق وزیر اعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کوشش کررہے ہیں کہ فوج اور عدلیہ میں انتشار پھیلائیں، نوازشریف جوگیم کھیل رہا ہے، اس کا پتہ ہے، جنرل باجوہ نے مشکل وقت میں حکومت کی مدد کی، بارشوں اور کورونا کے دوران حکومت کی مدد کی، ساری خارجہ پالیسی میں فوج اور جنرل باجوہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف سن لو، اب سے میری کوشش ہے کہ تمہیں ملک میں واپس لایا جائے اور اب عام جیل میں ڈالا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے گوجرانوالا میں جلسہ عام کیا تھا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔

اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید خبریں :