پاکستان
Time 18 اکتوبر ، 2020

جماعت اسلامی کا بھی حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

جماعت اسلامی نے یکم نومبر سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔

ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نےکہا ہے کہ نئے اور پرانے حکمرانوں کے درمیان لڑائی مفاد عامہ کے لیے نہیں اپنی باری کے لیے ہے، جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے احتجاج کا لائحہ عمل بنا رہی ہے۔

سراج الحق کاکہنا ہے کہ 23 اکتوبر کو مرکزی ذمہ داران کے اجلاس میں تحریک کا مکمل شیڈول دیا جائے گا، مہنگائی، بےروز گاری اور حکومتی نااہلی کے خلاف تحریک کا آغاز خیبر پختونخوا سے کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے جمہوریت کو خطرے میں ڈال  دیا ہے اور 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، وزیر اعظم ہرتقریر آخری سمجھ کر کرتے ہیں۔

ان کاکہنا تھاکہ میانوالی سمیت ملک بھرکے عوام وزیراعظم سے مایوس ہیں، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی عروج پر ہے، لوگ آٹا چینی کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں، لوگوں کو دووقت توکیا ایک وقت کاکھانا بھی دستیاب نہیں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی 11 جماعتوں پر مشتمل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے بھی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کررکھی ہے۔

مزید خبریں :