19 اکتوبر ، 2020
گوجرانوالا کے جناح اسٹیڈیم میں 16 اکتوبر کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں درج کیا گیا اور اس میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی اور سڑکیں بلاک کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں ن لیگی رہنما خرم دستگیر سمیت تین افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک اور سٹی صدر سلمان خالد بٹ بھی ملزم نامزد ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمےمیں 100 سے زائد نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے 16 اکتوبر کو حکومت مخالف تحریک کا پہلا جلسہ کیا تھا جس کی میزبانی ن لیگ نے کی تھی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے جلسے کے منتظمین کیخلاف کارروائی کرنےکا اعلان کیا تھا۔