کھیل
Time 19 اکتوبر ، 2020

بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز نہ ملنے پر کامران اکمل نے پی سی بی کو خط لکھ دیا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کامران اکمل نے سب سے زیادہ 11 شکار کیے تاہم یہ اعزاز وکٹوں کے پیچھے 8 آؤٹ کرنے والے محمد رضوان کو دیا گیا— فوٹو:فائل 

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں وکٹ کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے والے کامران اکمل نے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے زیادتی قرار دے دیا۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں وکٹ کیپرکامران اکمل نے سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے ایونٹ میں سب سے زیادہ 11 شکار کیے اور اسی دوران اسٹمپڈ آؤٹ کی سنچری بھی مکمل کی لیکن انہیں بیسٹ وکٹ کیپر کا ایوارڈ نہ مل سکا۔

یہ اعزاز وکٹوں کے پیچھے 8 آؤٹ کرنے والے محمد رضوان کو  دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کامران اکمل نے اس پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کو احتجاجی مراسلہ بھی لکھ دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ کامران اکمل نے ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو خط لکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق وسیم خان نے کامران اکمل کو معاملہ دیکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

خیال رہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ خیبرپختونخوا کی ٹیم نے اپنے نام کیا ہے۔ 

مزید خبریں :