پاکستان
Time 20 اکتوبر ، 2020

سندھ پولیس افسران کی چھٹی کی درخواستوں پر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا

سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر پر مقدمے و گرفتاری کے معاملے پر سندھ پولیس افسران کے احتجاجاً چھٹی پر جانے کی خبر پر لیگی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا۔

مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ دھونس اور جبر کے سامنے جھک جانے سے انکار کرتے ہوئے پوری سندھ پولیس نے چھٹی کی درخواست دے دی۔ 

انہوں نے کہا کہ اداروں کو تباہ کرنے کا راگ الاپنے والوں کو اچھے سے پتہ چل گیا ہوگا کہ ادارے کیسے تباہ ہوتے ہیں اور ان کو کون تباہ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’شاباش سندھ پولیس‘ ہمیں آپ پر فخر ہے۔

خیال رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر مقدمے اور گرفتاری کیلئے پولیس حکام پر دباؤ کے معاملے پر آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس صورتحال پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پریس کانفرنس کی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے محکمانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

پریس کانفرنس کے بعد آرمی چیف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کور کمانڈر کراچی کو تحقیقات کا حکم دیا ہے اور اب وزیراعظم نے بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔

مزید خبریں :