Time 21 اکتوبر ، 2020
پاکستان

وفاقی حکومت نے اپوزیشن پر اداروں کو لڑانے کی کوشش کا الزام لگادیا

وفاقی وزیر  برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن پر اداروں کو لڑانے کی کوشش کا الزام عائد کردیا۔

پریس کانفرنس میں سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے کراچی کے واقعے پر اداروں کو لڑانے کی کوشش کی، یہ لوگ آگ سے کھیل رہے ہیں، ان سے بے یقینی پھیلانے کا حساب لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول کس منہ سے اپنے قد سے بڑی بات کرتے ہیں؟ ان کی حیثیت کیا ہے؟ بلاول کو وراثت میں پارٹی ملی ہے، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پولیس کو سیاسی بنا کرمجرموں کو بھرتی کیا گیا ہے، مزارِ قائد پر ہلڑبازی کی مذمت کرنے کے بجائے اسے سیاسی واقعہ بنایا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے سیاسی ناٹک کرکے دشمن کے بیانیے کو تقویت دی، بھارتی ٹی وی چینلز پر اپوزیشن کے لیڈرز کی ہی تصویریں چل رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر مقدمے اورگرفتاری کے لیے پولیس حکام پر دباؤ کے معاملے پر انسپکٹر جنرل ( آئی جی) سندھ سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران اور ضلعی افسران (ایس ایس پیز) نے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس پر بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کی تھی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

اس کے بعد آرمی چیف نے بھی واقعے کا نوٹس لیا تھا جس پر پولیس افسران نے مشروط طور پر چھٹی کی درخواست 10 روز کیلئے مؤخر کردی ہے۔

مزید خبریں :