Time 21 اکتوبر ، 2020
کاروبار

عوام کیلئے بری خبر، نیپرا کے پاس بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست آگئی

ستمبر میں کُل 13 ارب 10 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی: سی پی پی اے — فوٹو:فائل 

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی فی یونٹ ایک روپیہ 36 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دی جس کے تحت فی یونٹ بجلی ایک روپیہ 36 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

سی پی پی اے نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ستمبر میں کُل 13 ارب 10 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو 12 ارب 72 کروڑ یونٹ بجلی فراہم کی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ستمبر میں بجلی پیداوارپر مجموعی لاگت 53 ارب 90 کروڑ روپے رہی اور ستمبر کیلئے فی یونٹ بجلی پیداوارپرفیول لاگت کا تخمینہ 2 روپے 84 پیسے تھا لیکن فی یونٹ بجلی پیداوارپر فیول لاگت 4 روپے 20 پیسے رہی۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق کوئلے سے 13ارب 75کروڑروپے، فرنس آئل سے 9ارب 49کروڑروپے اور ڈیزل سے ایک 1ارب 34کروڑکی بجلی بنائی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گیس سے 8 ارب 96 کروڑ روپے، درآمدی ایل این جی سے 19 ارب 3 کروڑ روپے اور نیوکلیئر ذرائع سے 68 کروڑ 90 لاکھ روپے کی بجلی بنائی گئی۔

نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پرسماعت 29اکتوبر کوہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 83 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔

نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھاکہ بجلی کی قیمت میں اضافہ جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

مزید خبریں :