پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2020

وزیراعلیٰ کا علی عمران کے لاپتا ہونے کا نوٹس، گورنر نے بھی آئی جی سے تفصیلات مانگ لیں

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جیونیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کے لاپتا ہونے کا نوٹس لے لیا جب کہ گورنر سندھ نے بھی آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے علی عمران سید کے معاملے پر آئی جی سندھ سے تفتیش سے متعلق گفتگو کی ہے اور علی عمران کی بازیابی کے لیے تمام کوششیں کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ علی عمران کو فوری بازیاب کرایا جائے، صحافیوں کے خلاف اس قسم کی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ نے جیونیوز کی انتظامیہ کو بھی ٹیلی فون کیا اور کہا کہ آپ اطمینان رکھیں انشا اللہ ہم علی عمران کو بازیاب کرائیں گے۔

گورنر نے آئی جی سے تفصیلات مانگ لیں

دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ علی عمران کے معاملے پر آئی جی سندھ سے تفصیلات طلب کی ہیں، آئی جی سے کہا ہے معاملے کو سنجیدگی سے حل کریں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آئی جی نے بتایا سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں علی عمران بحفاظت واپس آئیں، شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب حکومت کی ذمہ داری ہے، اتنے بڑے شہر کو سیف سٹی ہونا چاہیئے۔

علاوہ ازیں ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی کا کہنا ہےکہ علی عمران کے لاپتا ہونےکی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں گردونواح کی سی سی ٹی وی ویڈیو لینےکی کوشش کی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ گزشتہ رات ایس ایچ او نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا اور پولیس ٹیم نے علی عمران کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی تھی۔


مزید خبریں :