24 اکتوبر ، 2020
عالمی وبا کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل بھی کافی تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن اب اس کے ٹیسٹ کے لیے آسان طریقہ دریافت کرلیا گیا ہے۔
حال ہی میں سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی کی اسپن آف کمپنی میڈٹیک اسٹارٹ اپ بریتھونکس کی جانب سے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ’بریتھالیسر ٹیسٹ‘ دریافت کیا گیا ہے جو ایک منٹ کے اندر کورونا وائرس کی تشخیص کر سکتا ہے۔
’بریتھالیسر ٹیسٹ‘ نے اپنے پائلٹ کلینیکل ٹرائل کے دوران 180 مریضوں کے ٹیسٹ کیے جس کے نتائج 90 فیصد درست تھے۔
فی الحال کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے عام طور پر پی سی آر ٹیسٹ کیا جاتا ہے جس میں ناک اور حلق سے نمونہ لیا جاتا ہے اور یہ کافی تکلیف دہ بھی ہوتا ہے جب کہ اس کے نتائج بھی چند گھنٹوں بعد سامنے آتے ہیں۔
لیکن نیا ’بریتھالیسر ٹیسٹ‘ صرف مشتبہ شخص کی سانس کے ذریعے کیا جاتا ہے جس سے کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔
اس ٹیسٹ میں ماہرین مشتبہ شخص کی سانس میں بدلنے والے اورگینگ کمپاؤنڈ کی جانچ کرتے ہیں۔
بریتھونکس کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر جیا ژہنہان کا کہنا ہے کہ مختلف بیماریوں کے باعث سانس میں موجود کمپاؤنڈز بھی تبدیل ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مشتبہ شخص کی سانس میں موجود کمپاؤنڈ میں ہونے والی تبدیلی سے بیماری کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔
ان کے مطابق یہ مشین لرننگ سافٹ وئیر سے 60 سیکنڈز میں نتائج بتانے کی صلاحیت رکھتی ہے جب کہ اس ٹیسٹ کو کرنے کے لیے خصوصی تربیت یافتہ اسٹاف یا لیبارٹری کی ضرورت بھی نہیں ہے۔